کاروان ادب کا اجراء

رابطہ کے تیسرے اختیار کردہ میدان میں قابل ذکر کام رابطہ کی طرف سے منعقد کیے گئے مذاکرات علمی ہیں، جواس نے نئے نئے موضوعات وعنوانات پر سال بسال کیے،چنانچہ اس کے نتیجہ میں ادب کے مختلف موضوعات واصناف خصوصاًنقد ادب، تاریخ ادب، قصہ، ڈرامااور ادب اطفال پر عظیم اور بیش قیمت ذخیرہ تیارہوگیا ہے ، اسی کے ساتھ ادب اسلامی کے کام کی تقویت کے لیے اور امکانی جدوجہد کو منظر عام پرلانے کے لیے اردو میں ’’کاروان ادب‘‘ کے نام سے سہ ماہی رسالہ ۱۹۹۴ء میں جاری کیا گیا جو الحمد للہ پابندی سے نکل رہا ہے، دوسری طرف عرب ممالک کے صدر دفتر نے بھی عربی میںسہ ماہی مجلہ ’’الادب الاسلامی‘ کے نام شروع کیا، اس کے بعد مراکش سے ’’المشکاۃ‘‘ عربی میں،بنگلہ دیش سے ’’الحق‘‘ اور’’المنار‘‘بنگالی زبان میں اور استنبول ترکی سے ترکی زبان میں مجلات جاری ہوئے۔